سلمان خان کی فلمیں آن لائن دکھانے کا معاہدہ 500 کروڑ میں طے
Reading Time: < 1 minuteانڈین فلم انڈسٹری بالی وُڈ کے سُپر سٹار سلمان خان کی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی باکس آفس پر ناقص کارکردگی کے باوجود انہیں آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم سے ایک بڑی ڈِیل ملی ہے۔
ای ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سلمان خان نے آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم ’زی فائیو‘ سے پانچ سال کی ڈِیل کی ہے۔ اس ڈِیل کے تحت سپرسٹار کی رواں سال جنوری کے بعد تمام آنے والی فلموں کے سیٹلائٹ حقوق زی فائیو کے پاس ہوں گے۔
’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ اس ڈِیل کے تحت زی فائیو پر سٹریم کرنے والی پہلی فلم ہو گی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بالی وُڈ بھائی کی آںے والی بڑی فلم ’ٹائیگر تھری‘ زی فائیو پر سٹریم نہیں ہو گی کیونکہ اُس کی پروڈکشن کمپنی ’یش راج فلمز‘ نے دوسرے سٹریمنگ پلیٹ فارم کے ساتھ بڑا معاہدہ کیا ہوا ہے۔
ساجد نادیادوالا کی جانب سے ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی پروڈکشن سے پیچھے ہٹنے کے بعد سلمان خان نے خود فلم پر پیسے لگائے.
اس فلم کی کاسٹ میں بڑے نام شامل تھے اور اس نے اپنے پہلے وِیک اینڈ پر اچھی کمائی بھی کی لیکن اس کے بعد فلم نے باکس آفس پر گِرتے سنبھلتے 110 کروڑ روپے کما ہی لیے۔