ایک ہفتے سے لاپتہ چار سیاح دوستوں کی لاشیں مل گئیں
گلگت بلتستان کی سیر پر جانے والے گجرات کے چار لاپتہ دوستوں کی حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی مل گئی ہے تاہم لاشوں کا نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر ضلع روندو حسین بٹ نے اردو نیوز کو بتایا کہ سیاحوں کی گاڑی گلگت سے تقریباً ایک سو کلومیٹر کے فاصلے پر سکردو جگلوٹ روڈ پر ایک گہری کھائی میں گر گئی تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ کھائی کی گہرائی زیادہ ہونے کی وجہ سے اس کو نکالنے کے لیے کرین کا استعمال کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چاروں سیاح گلگت سے 16 مئی کو روانہ ہونے کے بعد لاپتہ ہو گئے تھے جس کے بعد سی سی ٹی وی کی مدد سے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا گیا۔
کمشنر بلتستان کمال خان نے بتایا کہ سکردو سے کرین روانہ کی گئی جس کی مدد سے لاشوں اور گاڑی کو نکالا گیا۔
ان دوستوں کا 16 مئی کو اپنے اہلِ خانہ سے آخری مرتبہ رابطہ ہوا تھا جس کے بعد سے ان کا سراغ نہیں مل رہا تھا۔
گلگت بلتستان سیاحتی پولیس ہیڈ کوارٹر نے بتایا کہ گجرات سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کی گاڑی حادثے کا شکار ہو کر گہری کھائی میں جا گری تھی جہاں رسی کے بغیر پہنچنا ممکن نہیں تھا۔