پاکستان

یہ مالی فحاشی ہے، پاکستانی وزیر دفاع اہم عہدیداروں کی تنخواہ سے ناخوش

جون 12, 2025

یہ مالی فحاشی ہے، پاکستانی وزیر دفاع اہم عہدیداروں کی تنخواہ سے ناخوش

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سپیکر، ڈپٹی سپیکر، چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں اور مالی مراعات میں بے تحاشہ اضافے کو مالی فحاشی قرار دیا ہے۔

انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ سپیکر، ڈپٹی سپیکر چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں اور مالی مراعات میں بے تحاشہ اضافہ مالی فحاشی کے زمرے میں آتا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ عام آدمی کی زندگی کو ذہن میں رکھیں ہماری تمام عزت اور آبرو اُسی کے مرہونِ منت ہے۔

گزشتہ ہفتے پاکستان میں معیشت کی بدحالی اور مالی مشکلات کا رونا رونے والی حکومت نے قومی اسمبلی کے سپیکر اور سینیٹ کے چیئرمین کی تنخواہوں میں 600 فیصد اضافہ کر دیا تھا۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق دونوں عہدیداروں کی بنیادی تنخواہ دو لاکھ پانچ ہزار سے بڑھا کر 13 لاکھ روپے کر دی ہے جبکہ الاؤنسز اس کے علاوہ ہیں۔

ڈان گروپ سے منسلک سینیئر صحافی ثنا اللہ خان نے اس حوالے سے حکومت کا جاری کردہ نوٹیفکیشن پوسٹ کرتے ہوئے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر تبصرہ کیا کہ
”سرکاری گاڑیاں،سرکاری گھر، پیٹرول مفت، بجلی مفت، گیس مفت، نوکر چاکر سرکاری، کھانا پینا مفت، بیرون ملک دورے مفت، سرکاری خرچے پر ٹریولنگ اور اس کے بعد بھی سپیکر اور چیرمین سینیٹ کا موجودہ تنخواہ میں گزارہ مشکل تھا۔“

انہوں نے مزید لکھا کہ دونوں کی تنخواہ میں 600فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا اور عوام سے کہتے ہیں کہ 37 ہزار میں گزارہ کریں۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق دونوں عہدیداروں کے لیے تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری سے کیا گیا جس کے مطلب ہے کہ اُن کو گزشتہ پانچ ماہ کی تنخواہوں کے لگ بھگ 50 لاکھ بقایا جات بھی ملیں گے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے