میں غلط تھا، نصیرالدین شاہ کا سندھی زبان پر بیان واپس
Reading Time: < 1 minuteانڈین اداکار نصیر الدین شاہ نے سندھی زبان کے بارے میں اپنے بیان پر غلطی کا اعتراف کر لیا ہے۔
بدھ کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیسبک پر نصیر الدین شاہ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ سندھی زبان کے بارے میں اُن کا بیان غلط تھا۔
اپنی فیسبک پوسٹ میں انہوں نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا کہ ’حالیہ دنوں میں میرے بیان پر دو بالکل غیر ضروری تنازعات نے جنم لیا۔ ایک میری سندھی زبان کے بارے میں غلط بیان سے متعلق تھا۔ میں اس بارے میں غلط تھا۔‘
اداکار نے مزید لکھا کہ ’دوسرا تنازع میرا مراٹھی اور فارسی زبان کے درمیان رشتے کے بارے میں بیان کا تھا۔ میرے الفاظ یہ تھے کہ مراٹھی کے کئی الفاظ فارسی کے نکلے ہیں۔ میرا مقصد مراٹھی زبان کی توہین کرنا نہیں تھا لیکن میرا کہنا یہ تھا کہ مختلف رنگ ثقافتوں کو بڑھاتے ہیں۔ اُردو بھی ہندی، فارسی، ترک اور عربی زبان کا مرکب ہے۔ انگریزی نے یورپی زبانوں سے الفاظ اُدھار لیے ہیں۔‘
اس سے پہلے اداکار کا سوشل میڈیا پر ایک بیان وائرل ہوا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں سندھی زبان اب نہیں بولی جاتی۔
اپنی ویب سیریز ’تاج ڈیوائڈڈ بائے بلڈ‘ کے دوسرے سیزن کی تشہیر کے دوران انہوں نے انٹرویو میں پاکستان میں بولی جانے والی مختلف زبانوں پر بات کی۔