بیرون ملک جانے کے لیے پیسے نہیں، ترین کے ساتھ جانے والوں کو گُڈ لک: عمران خان
Reading Time: 2 minutesپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وہ پارٹی چھوڑ کر جہانگیر ترین کے ساتھ جانے والوں کو گُڈ لک کہتے ہیں۔
جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر عدالتی رپورٹرز سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ وہ کبھی ملک سے باہر جانے کا نہیں سوچ بھی سکتے۔ میرے پاس تو اتنے پیسے ہی نہیں کہ باہر جاؤں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے ایک بار پھر حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ ایک پاؤنڈ 400 روپے کا ہے، انہوں نے تو مال بنایا ہوا ہے، ان کی تو جائیدادیں ہیں۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین کے مطابق شاہ محمود قریشی نے یہ فارمولا دیا کہ ظلم ہو رہا ہے پارٹی کارکنوں کو باہر لانا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ شاہ محمود سے میٹنگ کیسی رہنی تھی وہ بندہ ایک ماہ جیل گزار کر آیا، کم عمر بچوں کو بھی پکڑا ہوا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جو سیاستدان پارٹی چھوڑ کر نئی جماعت میں گئے انہیں گڈلک کہتا ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نو مئی کے واقعات کی غیرجانبدار انکوائری ہونی چاہیے۔ اگر شفاف انکوائری ہوئی ہم ثبوت پیش کریں گے، نو مئی واقعات میں جنہوں نے عمارات جلائیں ان پر ایکشن ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ لگتا ہے فوجی عدالتیں میرے لیے ہی بنائی گئی ہیں.
عمران خان کے مطابق جمہوریت ساری ڈس مینٹل ہو چکی ہے۔ جب مجھے کمانڈوز ہائی کورٹ سے پکڑیں گے تو پھر میں کس کو الزام دوں؟ میں پھر ان کو ہی کہوں گا.
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پر امن احتجاج کرنا تو آئینی حق ہے، کوئی نو گو ایریاز ہیں، مسائل کا حل صرف شفاف انتخابات ہیں۔
عمران خان کے مطابق لیڈر کو صرف ووٹرز اور عوام مائنس کرتے ہیں۔