کتنی خواتین گرفتار؟ نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کا ریکارڈ سُپریم کورٹ میں
پنجاب حکومت نے نو مئی کے واقعات میں ملوث زیر حراست ملزمان کا ریکارڈ سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا ہے تاہم اس میں فوج کی حراست موجود ملزمان کا ڈیٹا شامل نہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کوئی نابالغ، صحافیوں اور وکیل زیرِحراست نہیں۔
نو مئی کے واقعات میں ملوث خواتین کے بارے میں رپورٹ کہتی ہے کہ 81 خواتین کو حراست میں لیا گیا، جن میں سے 42 کو ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نو مئی کے واقعات میں ملوث 39 خواتین اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیلوں میں قید ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایم پی او کے تحت 2258 افراد کی گرفتاری کے آرڈر جاری کیے گئے، اس وقت ایم پی او کے تحت 21 افراد جیلوں میں قید ہیں۔
نو مئی کی توڑ پھوڑ کے واقعات میں 3050 افراد ملوث پائے گئے، انسدادِ دہشتگردی قانون کے تحت نو مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف 51 مقدمات درج کیے گئے۔
رپورٹ کہتی ہے کہ انسدادِ دہشتگردی قانون کے تحت 1888 افراد کو گرفتار کیا گیا،
108 ملزمان جسمانی ریمانڈ اور 1247 جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق انسدادِ دہشتگردی قانون کے تحت 33 افراد کی شناخت پریڈ کی گئی،
500 افراد کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے رہا کیا گیا، انسدادِ دہشتگردی قانون کے تحت 232 افراد ضمانت پر رہا ہوئے۔
رپورٹ میں تفصیل سے درج ہے کہ نو مئی واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف دیگر قوانین کے تحت 247 مقدمات درج کیے گئے،
247 مقدمات کے تحت 4119 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
86 ملزمان جسمانی ریمانڈ، 2464 کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجا گیا، دیگر مقدمات میں 368 افراد کی شناخت پریڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اب تک 1201 افراد کو بری کیا گیا ہے،
3012 افراد کو مختلف مقدمات میں ضمانت پر رہا کیا گیا۔

