پاکستان

انڈیا کو امریکی فوجی ٹیکنالوجی کی فراہمی، پاکستان کا اظہارِ تشویش

جون 24, 2023

انڈیا کو امریکی فوجی ٹیکنالوجی کی فراہمی، پاکستان کا اظہارِ تشویش

پاکستان نے امریکہ کی جانب سے انڈیا کو جدید فوجی ٹیکنالوجی فراہم کیے جانے کے منصوبوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’پاکستان کو انڈیا کو جدید فوجی ٹیکنالوجیز فراہم کیے جانے کے منصوبوں پر گہری تشویش ہے۔‘

بیان میں کہا گیا کہ ’ایسے اقدامات فوجی عدم توازن اور خطے میں سٹریٹجک عدم استحکام کو بڑھا رہے ہیں۔ یہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے حصول کے لیے فائدہ مند نہیں۔‘

وزارت خارجہ کے مطابق ’ہم عالمی شراکت داروں پر زور دیتے ہیں کہ وہ جنوبی ایشیا میں امن اور سکیورٹی کا مجموعی اور غیرجانبدارانہ جائزہ لیں اور یکطرفہ پوزیشن کی تائید کرنے سے گریز کریں۔‘

امریکہ اور انڈیا کی جانب سے 22 جون کو دیے گئے مشترکہ بیان کے حوالے سے دفتر خارجہ نے کہا کہ ’بیان میں پاکستان کا ذکر بلاجواز، یکطرفہ اور گمراہ کن ہے۔ یہ ذکر سفارتی آداب کے خلاف ہے۔ ہم حیران ہیں کہ پاکستان کی طرف سے امریکہ کے ساتھ قریبی انسداد دہشت گردی تعاون کے باوجود یہ ذکر کیا گیا ہے۔‘

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو نریندر مودی کے واشنگٹن کے دورے کے موقع پر ایک مشترکہ بیان میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں موجود انتہا پسند گروپوں جیسے لشکر طیبہ اور جیش محمد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ’انہوں نے سرحد پار دہشت گردی، پراکسی دہشت گرد گروپوں کے استعمال کی شدید مذمت کی اور پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے فوری کارروائی کرے کہ اس کا کوئی بھی علاقہ دہشت گردانہ حملوں کے لیے استعمال نہ ہو۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے