پاکستان

پی ٹی آئی کے حق میں مہم، ریٹائرڈ کرنل چیئرمین کے عہدے سے برطرف

جون 29, 2023

پی ٹی آئی کے حق میں مہم، ریٹائرڈ کرنل چیئرمین کے عہدے سے برطرف

پاکستان میں حکومت نے نیشنل کمیشن برائے انسانی ترقی (این سی ایچ ڈی) کے چیئرمین کرنل ریٹائرڈ عامر مروت کو عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔

قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے اُن کی برطرفی کی سمری پر دستخط کیے۔ اس سے قبل صدر عارف علوی نے چیئرمین این سی ایچ ڈی کو برطرف کرنے کی دو سمریاں مسترد کر دی تھیں۔

کرنل ریٹائرڈ عامر اللہ مروت پر الزام تھا کہ اُنہوں نے اپنے عہدے اور دفتر کو سیاسی جماعت کی حمایت کے لیے استعمال کیا۔

برطرفی کی سمری میں کہا گیا ہے کہ عامراللہ مروت نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے فوج کے خلاف اور عمران خان کے حق میں مواد شیئر کیا۔

عامراللہ مروت پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر سنہ 2013 میں لکی مروت کے حلقے این اے 27 سے قومی اسمبلی کے رُکن بھی رہ چکے ہیں۔

اُن کو سابق وزیراعظم عمران خان نے سنہ 2019 کے اوائل میں نیشنل کمیشن برائے انسانی ترقی کا چیئرمین تعینات کیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے اقتدار کے خاتمے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان نے فوج، عدلیہ اور موجودہ حکومت کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے۔

وہ اپنی حکومت کے خاتمے کا الزام امریکہ، سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر پر لگاتے آئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے حامی سوشل میڈیا پر فوج اور اُس کے افسران پر مختلف الزامات عائد کرتے رہتے ہیں جبکہ پاکستان میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کا سائبر کرائم ونگ متعدد رہنماؤں اور پارٹی کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کر چکا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے