جی ایچ کیو پر حملہ، سابق وزیراعظم عمران خان بھی ملزم نامزد
راولپنڈی پولیس نے نو مئی کو پاکستان کی فوج کے ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا گیٹ اور شیشے توڑنے اور آئی ایس آئی کے حمزہ کیمپ میں آرمی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت پہلے سے درج دو مختلف مقدمات میں سابق وزیراعظم عمران خان کو نامزد کیا ہے۔
راولپنڈی شہر میں نو مئی کو پیش آنے والے واقعات کے تناظر میں تھانہ نیوٹاؤن اور تھانہ آر اے بازار میں دو ایف آئی آرز درج کی گئی تھیں۔
جی ایچ کیو میں توڑ تھوڑ کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج ہے جبکہ حمزہ کیمپ (اوجڑی کیمپ) کے مقام پر توڑ پھوڑ کا مقدمہ تھانہ نیوٹاؤن میں درج ہے۔
جی ایچ کیو حملے کے مقدمے میں سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت سمیت پندرہ افراد پہلے ہی نامزد ہیں جبکہ دیگر ملزمان نامعلوم ہیں۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق عمران خان کو ان مقدمات میں گرفتار ہونے والے افراد سے کی جانے والی تفتیش کے نتیجے میں نامزد کیا گیا ہے۔
یہ دونوں مقدمات انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیے گئے ہیں اور ان مقدمات میں گرفتار ہونے والے متعدد افراد کو ضلعی عدالتوں نے فوج کے حوالے کیا ہے تاکہ ان کا ٹرائل وہاں چلایا جا سکے۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ وہ فوجی عدالتوں کے سامنے پیش ہونے کے لیے تیار ہیں۔

