یونان میں کشتی حادثہ، مرنے والے 15 پاکستانیوں کی شناخت
Reading Time: < 1 minuteیونان میں حکام نے گذشتہ جون میں کشتی حادثے میں مرنے والے 15 پاکستانیوں کی شناخت ظاہر کر دی ہے۔
یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان نے بتایا کہ ’ہم یونانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ ان میتوں کو جلد سے جلد پاکستان لایا جا سکے۔‘
پاکستان سفارت خانے کے مطابق جن افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ان کا تعلق گجرات، منڈی بہاالدین، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، وہاڑی، راولپنڈی اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے ضلع میرپور سے تھا۔
یونان کشتی حادثے میں جو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ان میں عبدالواحد، سفیان عباس، محمد طاہر، عدنان، معاذ صدیق اور شہباز احمد کا تعلق ضلع گجرات سے تھا۔
ناصر علی، ارسلان علی، انعام علی اور ابوبکر عارف گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھتے تھے جبکہ علی اعجاز کا تعلق ضلع منڈی بہاالدین سے تھا۔
خاور حسین شیخوپورہ، محمد نعیم وہاڑی، ثاقب بشیر راولپنڈی جبکہ محمد یوسف کا تعلق پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے ضلع میرپور سے تھا۔
گذشتہ ماہ غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے 350 پاکستانیوں کی کشتی یونان کے ساحل کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے گذشتہ ماہ قومی اسمبلی کو بتایا تھا کہ ’یونان کے قریب سمندر میں ڈوبنے والی کشتی میں 350 پاکستانی سوار تھے جن میں سے 281 کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔‘
وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ’کشتی میں 400 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی تاہم اس میں 700 افراد کو سوار کیا گیا۔‘
یونان کے ساحل کے قریب ڈوبنے والی کشتی میں زندہ بچ جانے والے تارکین وطن نے کوسٹ گارڈز کو اہم معلومات فراہم کی تھیں۔