سعودی عرب نے پاکستان کو دو ارب ڈالر دے دیے: وزیر خزانہ
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ’برادر ملک سعودی عرب کی جانب سے دو ارب ڈالر سٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کروا دیے گئے ہیں جو کریڈٹ ہو چکے ہیں۔‘
منگل کو ویڈیو پیغام میں وزیر خزانہ نے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف عاصم منیر کی جانب سے سعودی قیادت بالخصوص شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ چند ہفتے قبل سعودی عرب نے سٹیٹ بینک میں اپنے دو ارب ڈالر جمع کرانے کا اعلان کیا تھا جو انہوں نے آج پورا کر دیا ہے۔
سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا جائزہ لے گا.
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے یہ رقم جمع کروانے پر پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ جمعے کو کلوزنگ کے وقت پاکستان کے ذخائر 10 ارب ڈالر سے کم یعنی 9.6-9.7 ارب ڈالر تھے جو اب 11.67 ارب ڈالر کے قریب ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے دی گئی رقم آئندہ جمعے کو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ظاہر ہوگی۔
مارچ میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ 1.1 ارب ڈالر کی قسط جاری ہونے سے پہلے وہ دوست ممالک اور ڈونر اداروں سے مالی معاونت کی یقین دہانی حاصل کرے۔
اسی سلسلے میں چین کی طرف سے پاکستان کو 2 ارب ڈالر کی رقم موصول ہوئی تھی جس کے بعد اب سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر سٹیٹ بینک میں ڈیپازٹ کروائے ہیں، جبکہ متحدہ عرب امارات نے ایک ارب ڈلر کی مالی معاونت کا وعدہ کیا ہوا ہے۔

