ایک ماہ کے لیے نظربند، چودھری پرویز الہیٰ رہا نہ ہو سکے
تحریک انصاف کے صدر اور پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کی رہائی ایک بار پھر اس لیے نہیں ہو سکی کہ اُن کو تھری ایم پی او قانون کے تحت نظربند کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے چوھری پرویز الہیٰ کو ایک ماہ کے لیے تین ایم پی او کے تحت نظر بند کرنے کے احکامات جاری کیے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں 2 مقدمات اور غالب مارکیٹ میں درج مقدمے کا ذکر کیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ائندہ ایک ماہ کے لیے چودھری پرویز الہیٰ کیمپ جیل میں رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ چوہدری پرویز الہی کے خلاف تین مقدمات ہیں، وہ پی ٹی ائی کے سرکردہ رہنما ہیں جن کی رہائی سے امن و امان کو نقصان ہو سکتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پرویز الہی ان دنوں کیسوں میں پولیس کو مطلوب بھی ہیں اور ان کے خلاف کاروائی بھی ہو رہی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی اور پولیس کی جانب سے سفارشات ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کو دی جا چکی ہیں۔
سی سی پی او لاہور کی جانب سے پرویز الہٰی کی نظر بندی کے لیے ڈپٹی کمشنر کو مراسلہ لکھا گیا۔

