باجوڑ خودکش دھماکے میں ہلاکتیں 45، داعش ملوث
Reading Time: < 1 minuteخیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں کیے گئے خودکش دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد 45 ہو گئی ہے۔
پیر کو پشاور میں نگران مشیر صحت ریاض انور نے بتایا کہ صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں باجوڑ دھماکہ کے 67زخمی تاحال زیرعلاج ہیں جن میں سے 6 زخمیوں کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔
نگران مشیر صحت نے بتایا کہ علاج معالجے کے بعد 60 سے زائد زخمیوں کو ہسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر ریاض انور کے مطابق لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 16زخمیوں اور سی ایم ایچ پشاور میں 10 زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
نگران مشیر صحت نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو تیمر گرہ میں 30جبکہ باجوڑ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں 11 زخمی زیر علاج ہیں۔
ڈاکٹر ریاض انور کے مطابق باجوڑ میں جے یو آئی کے جلسے میں دھماکے سے 45افراد ہلاک جبکہ 150 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
کالعدم تحریک طالبان نے دھماکے کی مذمت کی تھی جبکہ داعش پر اس میں ملوث ہونے کا شُبہ ظاہر کیا گیا ہے۔