پاکستان

شاہ محمود کو ہتھکڑی، عمران خان کو مزید جیل میں رکھنے کا فیصلہ

ستمبر 13, 2023

شاہ محمود کو ہتھکڑی، عمران خان کو مزید جیل میں رکھنے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور سینیئر رہنما شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں خصوصی عدالت نے مزید 14 دنوں کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں رکھنے کا حُکم سنایا ہے۔

بدھ کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم سائفر کیس سننے والی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اٹک جیل میں سماعت کی۔

عدالت میں عمران خان کی حاضری لگائی گئی۔

عمران خان کے گیارہ وکلا کی ٹیم عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے افسران اور پراسیکیوٹر نے بھی عدالت کی معاونت کی۔

خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں گرفتار تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کر دی۔

سماعت کے بعد عدالت کے باہر میڈیا کے نمائندوں کو بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین کی اگلی پیشی کی تاریخ 26 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔

سماعت سے قبل عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے اٹک جیل کے باہر موجود میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا تھاکہ ’تمام درخواستیں زیر التوا ہیں، سب سے اہم درخواست ضمانت کی ہے، جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے کے بعد دیکھتے ہیں کہ سرکار کیا کہتی ہے۔‘

وکیل سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ پراسیکیوشن ضمانت کی درخواست پر عدالت کی معاونت نہیں کر رہی، چئیرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں رکھنے کی کوئی مناسب وجہ نہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد میں تحریک انصاف کے سینیئر رہنما شاہ محمود قریشی کو ہتھکڑی لگا کر خصوصی عدالت پہنچایا گیا۔

شاہ محمود قریشی کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت میں جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا گیا۔

اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس شاہ محمود قریشی اور عدالتی عملے کے درمیان مکالمہ ہوا۔

عدالتی عملے نے شاہ محمود قریشی کو بتایا کہ جج صاحب جیل سماعت کے لیے گئے ہیں۔ جج صاحب سے پوچھ لیتے ہیں اگر وہ کہتے ہیں تو آپ کو حاضری لگا کر واپس بھیج دیں گے۔

شاہ محمود قریشی نےعدالتی عملے سے پوچھا کہ ’جیل میں آج کیا ہے؟ میری ضمانت کی کیس کا کیا ہوا؟‘

عدالتی عملے نے اُن کو بتایا کہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کے کیس کی سماعت ہے، آپ کی ضمانت کی درخواست پر کل سماعت ہے۔

بعد ازاں شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 26 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے