بھیک مانگنے سعودی عرب جانے والا خاندان ملتان ایئرپورٹ سے گرفتار
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی وفاقی تفتیشی ایجنسی (ایف آئی اے) کے شعبہ امیگریشن نے بھیک مانگنے کے لیے سعودی عرب جانے والے ایک خاندان کو حراست میں لیا ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ملتان ائرپورٹ پر کارروائی کے دوران عمرے کی آڑ میں بھکاریوں اور انسانی سمگلروں کے گروہ کو طیارے سے آف لوڈ کیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ کُل 16مسافر جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے، عمرے کے ویزے پر سعودی عرب کا سفر کر رہے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ دوران تفتیش مسافروں نے انکشاف کیا کہ وہ سعودی عرب بھیک مانگنے کے غرض سے جا رہے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز کو بیرون ملک پاکستانیوں کی گداگری کے بارے میں بتایا گیا تھا۔
اجلاس کو سیکرٹری سمندر پار پاکستانیز نے بتایا تھا کہ "ہمارے گداگر سب سے زیادہ باہر جا رہے ہیں۔ وہاں جتنے لوگ گرفتار ہوتے ہیں زیادہ پاکستانی ہوتے ہیں۔ عراقی اور سعودی سفیروں نے کہا ہے کہ ان کی جیلیں بھری ہوئی ہیں۔ اس حوالے سے کچھ کام کریں۔ حرم کے اندر سے جتنے جیب کترے پکڑے جاتے ہیں ان میں زیادہ تر پاکستانی ہیں۔ یہ زیارت پر بھیک مانگنے جاتے ہیں۔ زیادہ تر عمرہ ویزہ پر جاتے ہیں۔”