اگلے مالی سال کے لیے پاکستان کے دفاعی اخراجات میں 20 فیصد اضافہ
پاکستان نے اگلے مالی سال کے دوران دفاعی اخراجات میں 20 فیصد اضافہ کیا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق منگل کو وفاقی بجٹ کا اعلان کرتے ہوئے دفاع کا بجٹ بڑھایا گیا۔
انڈیا کے ساتھ گزشتہ ماہ کے مہلک تنازعے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ کے حصے کے طور پر اس اضافے کا اعلان کیا۔
مجموعی اخراجات میں 7 فیصد کمی کرکے 17.57 ٹریلین روپے (62 بلین ڈالر) کر دیا جائے گا۔
پاکستان اور انڈیا کو رواں سال کے شروع میں انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں سیاحوں کے قتل کے واقعے نے جنگ کے دہانے پر دھکیل دیا تھا۔
دونوں ملکوں کے درمیان سنہ 2019 کے بعد سے تعلقات خراب ہیں۔
گزشتہ ماہ دو ہفتوں کی کشیدگی کے بعد میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں سرحد کے دونوں طرف درجنوں ہلاکتیں ہوئیں۔
بجٹ پیش کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت دفاع کے لیے 2.55 ٹریلین روپے (9 بلین ڈالر) مختص کر رہی ہے جبکہ پچھلے بجٹ میں یہ 2.12 ٹریلین روپے تھی۔
انڈیا نے رواں سال فروری میں اپنے دفاعی اخراجات میں 9.5 فیصد اضافہ کیا تھا۔