عالمی خبریں

غزہ میں امدادی سامان لینے والوں پر اسرائیلی حملے میں 31 اموات

جون 11, 2025

غزہ میں امدادی سامان لینے والوں پر اسرائیلی حملے میں 31 اموات

غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا ہے کہ بدھ کے روز اسرائیلی افواج نے امریکی حمایت یافتہ فوڈ ڈسٹری بیوشن سینٹر میں داخل ہونے کے منتظر افراد پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 31 افراد مارے گئے اور 200 کے قریب زخمی ہو گئے۔

سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بَسّال نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہم نے کم از کم 31 شہداء اور تقریباً 200 زخمیوں کو منتقل کیا، جو کہ اسرائیلی ٹینک اور ڈرون فائرنگ کے نتیجے میں مارے گئے۔ حملہ اس وقت کیا گیا جب ہزاروں شہری خوراک لینے کے لیے امریکی امدادی مرکز کی طرف جا رہے تھے۔‘

اسرائیلی فوج نے اے ایف پی کی جانب سے تبصرے کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔

غزہ کی پٹی میں میڈیا پر عائد پابندیاں اور زمینی رسائی میں مشکلات کے باعث اے ایف پی آزادانہ طور پر سول ڈیفنس ایجنسی کی جانب سے بتائی گئی ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کر سکا۔

بَسّال کے مطابق، ہزاروں فلسطینی رات 2 بجے سے خوراک کی تقسیم کے مرکز تک پہنچنے کی امید میں جمع ہو رہے تھے۔
انہوں نے کہا ’اسرائیلی ٹینکوں نے کئی بار فائرنگ کی، پھر صبح 5:30 بجے کے قریب فائرنگ میں شدت آئی، اور اسی وقت ڈرونز کی جانب سے بھی شہریوں پر شدید فائرنگ کی گئی۔‘

غزہ سٹی کے الشفاء ہسپتال کے سربراہ محمد ابو سلیمہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہسپتال کو امدادی مرکز میں داخلے کے منتظر 24 افراد کی لاشیں موصول ہوئیں، جب کہ 96 زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔

نُصیرات کیمپ میں واقع الاوَدہ ہسپتال نے ایک بیان میں کہا کہ اسے سات لاشیں موصول ہوئیں اور وہ اسی واقعے میں زخمی ہونے والے 112 افراد کا علاج کر رہا ہے۔

27 مئی کو فلسطینی علاقے میں غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن کی جانب سے امدادی تقسیم کے مراکز کے آغاز کے بعد سے اب تک کئی جان لیوا فائرنگ کے واقعات ہو چکے ہیں، جب کہ اسرائیل کو انسانی بحران پر بڑھتی ہوئی عالمی مذمت کا سامنا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے