آنکھوں پر پٹی باندھ کر فائرنگ، پنجاب کے چھ مزدور بلوچستان میں قتل
بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے چھ مزدوروں کو قتل کر دیا ہے۔
مکران ڈویژن کے کمشنر سعید عمرانی کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں کالعدم تنظیم ملوث ہو سکتی ہے۔
کمشنر کے مطابق واقعہ کیچ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت میں سیٹلائٹ ٹاؤن میں جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب پیش آیا جہاں آٹھ مزدور ایک گھر کی تعمیر کے سلسلے میں موجود تھے۔
نگران وزیر داخلہ میر زبیر جمالی نے تربت میں مزدوروں کے قتل کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی سے رپورٹس پیش کرنے کے لیے کہا ہے۔
وزیر داخلہ نے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کو سپیشل ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا جو واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرے۔
نگران وزیر داخلہ کے بیان کے مطابق ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ اور مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے گی۔
ایس ایچ او تربت شیر جان بلوچ نے میڈیا کو بتایا کہ مزدور گزشتہ چھ ماہ سے ایک گھر کی تعمیر کا کام کررہے تھے وہ اسی گھر میں رات کو سوتے تھے۔
ایس ایچ او کے مطابق گزشتہ شب موٹرسائیکلوں پر سوار مسلح افراد آئے انہوں نے مزدوروں کی شناخت معلوم کرنے کے بعد ان کی آنکھوم پر پٹیاں باندھیں اور گولیوں کا نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ آٹھ مزدوروں میں سے چھ کی موت ہوگئی، دو زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

