پاکستان

ایک شیطان کا راستہ تھا، فرخ حبیب کا تحریک انصاف کو خیرباد

اکتوبر 16, 2023

ایک شیطان کا راستہ تھا، فرخ حبیب کا تحریک انصاف کو خیرباد

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب ہفتوں بعد منظرِعام پر آ گئے ہیں اور انہوں نے اپنی پارٹی چھوڑ کر جہانگیر ترین کی استحکامِ پاکستان پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

پیر کو لاہور میں استحکامِ پاکستان پارٹی کے دفتر میں کی جانے والی پریس کانفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان پر ’تشدد کو فروغ‘ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان صاحب کی ذمہ داری تھی کہ وہ 9 مئی کے واقعات کے بعد تدبر اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے۔

انہوں نے عمران خان کے حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ چاہتے تھے کہ لوگ ان کے لیے باہر لڑیں۔ 9 مئی کو جو ہوا اسے سیاہ دن کے طو پر یاد رکھا جائے گا۔‘

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ اُن کے سامنے دو راستے تھے ایک آدم کا اور دوسرا شیطان کا، تو انہوں نے درست راستے کا انتخاب کیا۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق فرخ حبیب کو ستمبر کے آخری ہفتے میں بلوچستان کے ضلع گوادر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے فرخ حبیب نے پریس کانفرنس میں صرف اتنا کہا کہ ’ہم لوگ 9 مئی کے افسوس ناک واقعات کے بعد گھروں سے دور تھے۔‘

سابق پی ٹی آئی رہنما کی پریس کانفرنس پر سوشل میڈیا پر بھی لوگ تبصرے کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما زُلفی بخاری نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’ایک اور اغوا شدہ رہنما سیدھا ٹی وی سکرین پر نمودار ہوئے ہیں گمشدہ ہونے کے چند ہفتوں بعد اور انہیں پتہ چلا ہے کہ وہ ایک غلط لیڈر اور پارٹی کی پیروکاری کر رہے تھے اور غلط راہ پر چل رہے تھے۔‘

انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں سے ’جبری استعفے اور اعترافی بیان لیے جا رہے ہیں،‘

ان کے مطابق ’فرخ حبیب نے دباؤ اور تشدد کے خلاف مزاحمت کرنے کی پوری کوشش کی۔ میں خوش ہوں کہ وہ محفوظ ہیں اور اپنے خاندان کے پاس آ گئے ہیں۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے