دل میں انتقام کی کوئی خواہش و تمنا نہیں: نواز شریف
چار سالہ خود ساختہ جلاوطنی ختم کر کے پاکستان واپس آنے والے مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آئین پر عمل درآمد کرنے والے ریاستی اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اور یہ کہ اُن کے دل میں بدلے اور انتقام کی کوئی خواہش نہیں۔
سنیچر کو مینارِ پاکستان گراؤنڈ پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’میری دعا ہے کہ اللہ کبھی میرے دل میں انتقام کا جذبہ نہ لے کر آنا۔ میں اس قوم کی خدمت کرنا چاہتا ہوں جو میں نے پہلے بھی کی ہے۔‘
نواز شریف نے اپنے خطاب میں اپنی قید اور خود ساختہ جلا وطنی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’میری ماں اور بیوی میری سیاست کی نذر ہو گئیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آج آپ کی محبت دیکھ کر سارے دُکھ درد بھول گیا ہوں۔ میں یاد بھی نہیں کرنا چاہتا لیکن میرے بھائیو کچھ دکھ درد ایسے ہوتے ہیں جو انسان بھلا تو نہیں سکتا لیکن ایک طرف رکھ سکتا ہے۔‘
’کچھ دُکھ درد ایسے ہوتے ہیں جو انسان کچھ دیر کے لیے فراموش کر سکتا ہے لیکن کچھ زخم ایسے ہوتے ہیں جو کبھی نہیں بھرتے۔‘
مسلم لیگ ن کے قائد کا کہنا تھا کہ ’آپ جانتے ہیں یہ جو کاروبار ہے یا مال ہے، یہ چلا جاتا ہے تو پھر آجاتا ہے لیکن جو اپنے پیارے آپ سے جُدا ہو جاتے ہیں وہ کبھی واپس نہیں آتے۔‘
’آج میں سوچ رہا تھا کہ میں جب بھی کبھی باہر سے آتا تھا اور گھر پہنچتا تھا تو میری والدہ اور میری بیوی کُلثوم میرے استقبال کے لیے دروازے پر کھڑی ہوتی تھیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آج جب میں جاؤں گا تو وہ دونوں نہیں ہوں گی۔ وہ میری سیاست کی نذر ہو گئیں۔ میں نے سیاست میں انہیں کھو دیا، وہ مجھے دوبارہ نہیں ملیں گی۔ یہ بہت بڑا زخم ہے جو کبھی بھرے گا نہیں۔‘

