پاکستان

الیکشن کے لیے دی گئی تاریخ پتھر پر لکیر ہو گی: چیف جسٹس

نومبر 2, 2023

الیکشن کے لیے دی گئی تاریخ پتھر پر لکیر ہو گی: چیف جسٹس

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں اگلے عام انتخابات ۱۱ فروری کو ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل شہریار سواتی نے سپریم کورٹ کو اگلے عام انتخابات کی تاریخ دیتے ہوئے بتایا کہ حلقہ بندیوں کا عمل حتمی مرحلے میں ہے۔

پیپلز پارٹی کے وکیل فاروق نائیک نے اپنے دلائل میں کہا کہ صدر کی جانب سے الیکشن کمیشن کو الیکشن کی تاریخ دینے کے لیے خط لکھنا غلط تھا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ انتخابات کا تمام عمل مکمل طور پر الیکشن کمیشن کا ہے جو ایک خودمختار آئینی ادارہ ہے۔ اگر کہیں کوئی مسئلہ ہوتا ہے تب سپریم کورٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی عدالتی بینچ کے سامنے تحریک انصاف کے وکیل علی ظفر اور پیپلز پارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عام انتخابات آئین میں دی گئی مدت 90 دن میں کرانے کے حق میں دلائل دیے۔

پیپلز پارٹی کے وکیل نے بتایا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ الیکشن أئین کے مطابق وقت پر ہوں اور اس میں باہر سے کوئی مداخلت نہ کی جائے کیونکہ یہ مکمل طور پر الیکشن کمیشن کا اختیار ہے تاہم تاریخ کا اعلان صدر مملکت کو کرنا چاہیے تھا جو وہ کرنے میں ناکام رہے۔

پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر نے کہا کہ عام انتخابات کی تاریخ دینا صدر مملکت کا اختیار ہے تاہم اس کا اعلان کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

پیپلز پارٹی کے وکیل نے بتایا کہ وہ پی ٹی آئی کے وکیل کے تمام دلائل سے اتفاق نہیں کرتے، صدر کو الیکشن کمیشن کو خط نہیں لکھنا چاہیے تھا بلکہ تاریخ دینی چاہیے تھی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ وہ صدر کے خط کی طرف نہیں جائیں گے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اگر 90 دن کی آئینی مدت کے اندر الیکشن نہ ہوئے تو کوئی ایک نہیں سب ذمہ دار ہوں گے۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کو اگلے عام انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان کرنے پر صدر مملکت سے مشاورت کے لیے کہا اور اس کے لیے جمعے تک مہلت دی.

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے