صدر اور الیکشن کمیشن میں اتفاق، انتخابات کی تاریخ 8 فروری
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ اگلے عام انتخابات کے انعقاد کی تاریخ پر صدر کے ساتھ اتفاق ہو گیا ہے۔
جمعرات کی شام جاری کیے گئے بیان کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سرابرہی میں ممبران الیکشن کمیشن نے صدر پاکستان سے ایوانِ صدر میں الیکشن کی تاریخ کے سلسلے میں ملاقات کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن مورخہ 8 فروری بروز جمعرات منعقد ہوں گے۔
دوسری جانب ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کےحکم پر چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ کی اٹارنی جنرل برائے پاکستان منصور عثمان اعوان اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چار ممبران کے ہمراہ ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی.
ملاقات میں ملک میں آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تاریخ پر تبادلہ خیال کیا گیا.
صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں اور انتخابات کے حوالے سے کی گئی پیش رفت کو سنا.
تفصیلی بحث کے بعد اجلاس میں متفقہ طور پر ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق کیا گیا.

