غزہ میں امداد کی رسائی کے لیے اسرائیلی اقدامات ناکافی: امریکہ
Reading Time: < 1 minuteامریکہ نے کہاہے کہ اسرائیل کو غزہ میں ایندھن اور دیگر امداد کی رسائی کی اجازت دینے کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ ’پہنچنے والی امداد کافی نہیں ہے۔ اسے بڑھانے کی ضرورت ہے اور ہم نے اسرائیل کی حکومت پر یہ واضح کر دیا ہے۔‘
اقوام متحدہ نے بتایا تھا کہ پیر کو 100 انسانی امداد کے ٹرک اور تقریباً 69 ہزار لیٹر ایندھن مصر سے غزہ پہنچایا گیا۔
اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجاک نے منگل کو صحافیوں کو بتایا کہ ’یہ امداد 170 ٹرکوں اور 110،000 لیٹر ایندھن کی یومیہ اوسط سے بہت کم ہے جو 24 سے 30 نومبر کے درمیان جنگ میں وقفے کے دوران فلسطین میں داخل ہوئی۔‘
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے گذشتہ ہفتے سات اکتوبر کو غزہ سے اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد مشرق وسطیٰ کے اپنے تیسرے دورے پر اسرائیلی حکومت پر دباؤ ڈالا کہ وہ امداد کی ترسیل میں اضافہ کرے اور حماس کے خلاف کارروائی میں شہریوں کو کم سے کم نقصان پہنچائے۔
اسرائیلی فورسز نے منگل کے روز جنوبی غزہ کے مرکزی شہر خان یونس پر دھاوا بول دیا تھا۔
گذشتہ ہفتے زمینی حملے، جسے حماس کے ساتھ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سب سے بڑی کارروائی سمجھا جا رہا ہے.
اسرائیل کا کہنا تھا کہ اس کے فوجی جنگی طیاروں کی مدد سے خان یونس کے مرکز تک پہنچ گئے اور شہر کو گھیرے میں لے لیا۔
غزہ میں عالمی ادارہ صحت کے ایک اہلکار نے منگل کے روز کہا کہ صورتحال ہر گھنٹے زیادہ خراب ہوتی جا رہی ہے۔