سمندری طوفان ’میچونگ‘ کے سبب انڈیا میں آئی فون کی پروڈکشن بند
Reading Time: < 1 minuteانڈیا کے شہر چنئی میں شدید بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے سبب تائیوان کی کمپنیوں فاکس کون اور پیگاٹرون نے اپنے آپریشن معطل کر دہے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انہیں چار ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ انڈین ریاست تمل ناڈو کے شہر چنئی میں سمندری طوفان میچونگ کے سبب پیدا ہونے والی صورتحال کے سبب آئی فون بنانے والی کمپنیوں نے اپنے آپریشن معطل کر دیے ہیں۔
سمندری طوفان میچونگ آندھرا پردیش کی طرف بڑھ رہا ہے جس کے سبب پڑوسی ریاست تمل ناڈو میں شدید بارشیں جاری ہیں اور وہاں ایئرپورٹ کے آپریشن بھی معطل کردیے گئے ہیں۔
انڈیا میں آئی فون بنانے والی کمپنی فاکس کون میں تقریباً 35 ہزار افراد ملازمت کرتے ہیں اور کمپنی اب تک فیصلہ نہیں کر پائی ہے کہ اُس نے کب اپنے آپریشنز دوبارہ بحال کرنے ہیں۔
مارکیٹ اینالیٹک کمپنی ’کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ‘ کے مطابق رواں سال ستمبر میں انڈیا میں قائم کمپنیوں نے ایپل کو تقریباً 25 لاکھ آئی فون بنانے کے دیے تھے۔
ایپل کی جانب سے فاکس کون اور پیگاٹرون کے آپریشنز بند ہونے پر اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
حالیہ مہینوں میں ایسا دوسری مرتبہ ہوا ہے کہ پیگاٹرون نے انڈیا میں اپنی کمپنی میں آئی فون بنانا بند کیے ہوں۔
اس سے قبل ستمبر میں فیکٹری میں لگنے والی آگ کے سبب پیگاٹرون نے آئی فون بنانا بند کیے تھے تاہم کچھ ہفتوں بعد کمپنی کے آپریشن دوبارہ بحال ہوگئے تھے۔