متفرق خبریں

’میری گولی تو ہے ہی‘، پاکستان کا نریندر مودی کے بیان پر اظہار تشویش

مئی 27, 2025

’میری گولی تو ہے ہی‘، پاکستان کا نریندر مودی کے بیان پر اظہار تشویش

پاکستان نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بیان کو ’اشتعال انگیزی‘ قرار دیا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈین وزیراعظم نے ’غیر ذمہ دارانہ‘ انداز اختیار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے منشور کی ’صریح خلاف ورزی‘ کی ہے۔

نریندر مودی نے پیر کو گجرات میں ایک ریلی کے دوران تقریر میں پاکستان پر ’دہشت گردی‘ کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ’اس بیماری سے نجات دلانے کے لیے پاکستان کے عوام اور نوجوانوں کو آگے آنا ہو گا۔‘

مودی کا کہنا تھا کہ ’سکھ چین کی زندگی جیو، روٹی کھاؤ ورنہ میری گولی تو ہے ہی۔‘

اس کے ردعمل میں پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’پاکستان نے انڈین وزیراعظم کی جانب سے گجرات میں دیے گئے ریمارکس کا نوٹس لیا ہے، جن کی توقع کسی جوہری طاقت کے حامل ملک کے رہنما سے نہیں کی جا سکتی۔‘
وزارت خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ ایسے بیانات اقوام متحدہ کے چارٹر کے بینادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

بیان کے مطابق پاکستان اس بیان کو ایک لاپرواہی اور اشتعال انگیزی کے طور پر دیکھتا ہے، جس کا مقصد جموں اور کشمیر میں انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ ’وہ انڈیا کی بڑھتی ہوئی بیان بازی کا نوٹس لے، جو خطے کے استحکام اور دیرپا امن کے لیے نقصان دہ ہے۔‘

بیان کے مطابق ’پاکستان قیام امن کے حوالے سے اقوام متحدہ کی اہم شراکت داری کا ریکارڈ رکھتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر اس کی آواز توانا رہی ہے۔‘

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’اگر انتہا پسندی واقعی انڈین حکومت کے لیے تشویش کا باعث ہے تو اس کو خود پر ہی نظر ڈالنا ہو گی اور بڑھتی مذہبی عدم برداشت اور سفاکانہ ہندوتوا نظریات کے تحت اقلیتوں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کے واقعات پر توجہ دنیا ہو گی۔‘

بیان میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا ہے کہ پاکستان باہمی احترام اور خود مختار مساوات پر مبنی امن کے لیے پرعزم ہے تاہم اپنی سلامتی یا علاقائی سالمیت کو درپیش کسی بھی خطرے کی صورت میں اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت مضبوط اور مناسب قدم اٹھائے جائیں گے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے