چرس کا سگریٹ، ریٹائرڈ جنرل جرگے کے ساتھ باچا خان مرکز میں
چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے باچا خان مرکز کا دروہ کیا ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مرکزی صدر اے این پی سینیٹر ایمل ولی خان نے پشتون روایات کے مطابق اُن کا جرگہ قبول کر لیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ جو واقعہ پیش آیا وہ غلط فہمی کی بنیاد پر ہوا، پیش آنے والے واقعے پر اُس روز بھی معذرت کی تھی، اور آج بھی گلے دور کرنے باچا خان مرکز آیا ہوں۔
چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ سینیٹر ایمل ولی خان اور اُن کے خاندان کو نہایت عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔
ایمل ولی خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ باچا خان مرکز تمام مظلوموں اور پشتونوں کا گھر ہے، یہاں جرگے ہی ہوتے ہیں، پشتون روایات کا پاس رکھتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کے جرگے کو قبول کرتا ہوں۔
سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ باچا خان مرکز پشاور میں چیئرمین پی ٹی اے اور اُن کے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
قائمہ کمیٹی کے ایک اجلاس کے دوران گزشتہ ہفتے پی ٹی اے کے چیئرمین نے طنزیہ گفتگو میں ایمل ولی خان پر منشیات کے استعمال کا الزام عائد کیا تھا۔
انہوں نے ایک موقع پر سینیٹر سے کہا تھا کہ اگر وہ اجلاس سے وقفے کے دوران چرس کا سگریٹ پینے گئے تھے تو اُن کو بھی ساتھ لے جاتے۔