تحریک انصاف کی لیول پلیئنگ فیلڈ کی درخواست ، الیکشن کمیشن کو کارروائی کی ہدایت
پاکستان کی سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کی عام انتخابات کے لیے مہم کے دوران لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن تمام شکایات سن کر ازالہ کرے۔
جمعے کو عدالت میں سماعت کے دوران الیکشن کمیشن اور اٹارنی جنرل نے پی ٹی آئی سے تعاون اور شکایات کے ازالےکی یقین دہانی کرائی۔
تحریک انصاف کی درخواست پر قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ہنگامی سماعت کی۔
قبل ازیں سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس نے تحریک انصاف کی الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ دینے کے لیے دائر پٹیشن پر فوری فیصلہ کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
جمعے کو پی ٹی آئی کے ایڈووکیٹ نیاز اللہ نیازی روسٹرم پر آئے اور بتایا کہ ہمارے امیدواران کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرا پا رہے۔
ایڈووکیٹ نیاز اللہ نیازی نے بتایا کہ ہم نے لیول پلئینگ فیلڈ کے لیے درخواست دائر کی ہے، ہماری درخواست سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔
قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا کہ کیا یہ وہی درخواست ہے جو بیرسٹر گوہر نے دائر کی ہے؟
اُنہوں نے وکیل سے کہا کہ آپ بیرسٹر گوہر کو بلا لیں، ہم سپریم کورٹ دفتر کو کہہ دیتے ہیں درخواست لگا دیں۔
قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا کہ بلے کے نشان پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ بھی آ جائے گا۔
ایڈووکیٹ نیازی نے شکایت کی کہ الیکشن کمیشن میں بھی درخواست دی لیکن کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دس دن ہو گئے ابھی تک انتخابی نشان پر بھی فیصلہ نہیں آیا۔

