کارِ سرکار میں مداخلت، پی ٹی آئی کے وکیل خُرم لطیف کھوسہ گرفتار
لاہور میں پولیس نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سردار لطیف کھوسہ کے بیٹے خرم لطیف کھوسہ کو گرفتار کیا ہے۔
اتوار کی شب پولیس نے خرم لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کو اُن کے دفتر سے گرفتار کیا۔
سردار لطیف کھوسہ نے بتایا کہ اُن کے بیٹے خرم لطیف کھوسہ کو مزنگ پولیس نے گرفتار کیا۔
اُن کے مطابق ہائیکورٹ کے قریب آفس سے خرم لطیف کھوسہ کو گرفتار کیا گیا۔
خرم لطیف پر کارِ سرکار میں مداخلت کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم وکیل نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پولیس اہلکاروں پر حملہ کر کے اسلحہ چھینا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
خرم لطیف پر انسداد دہشت گردی کے قانون کی دفعات لگائی گئی ہیں۔
ملزم وکیل کی دو دن قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ لاہور کی ایک سڑک پر پولیس اہلکاروں سے اُلجھ رہے ہیں اور اُن کو دھمکا رہے ہیں۔

