شعیب شاہین اور بشریٰ بی بی کے مقدمات میں کیا ہوا؟
Reading Time: 2 minutesاسلام آباد ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے پی ٹی آئی کے متوقع امیدوار شعیب شاہین کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلوں پر نوٹس جاری کر دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کی ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے شعیب شاہین کی اپیلوں پر الیکشن کمیشن سے کل تک جواب طلب کرلیا
پی ٹی آئی کے متوقع امیدوار و درخواست گزار شعیب شاہین عدالت کے سامنے پیش ہوئے
جسٹس ارباب نے پوچھا کہ 65 ہزار روپے آپ نے کیوں جمع نہیں کروائے پہلے یہ بتائیں؟
شعیب شاہین نے جواب دیا کہ لائبلٹی مالک پر نہیں ہوتی جب ریکارڈ ٹرانسفر ہوگا تو پیسے ٹرانسفر ہوں گے۔ مگر یہ بھی ریکارڈ میں غلط لکھا ہے کہ پیسے جمع نہیں ہوئے۔
جسٹس ارباب محمد طاہرنے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کوئی نہیں آیا ، ان کو ہونا چاہیے تھا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو بدھ تک کے لیے نوٹس جاری کرکے سماعت تک ملتوی کی۔
اسلام آباد کے حلقہ این اے 46, 47 اور 48 سے شعیب شاہین کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے تھے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام سابق چئیر مین پی ٹی آئی کے 6 مقدمات اور بشری بی بی کے ایک مقدمے میں ضمانت کا کیس سنا گیا.
ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ڈیوٹی جج احمد ارشد محمود نے کی.
بشری بی بی اپنے وکلاء عمیر نیازی، عثمان ریاض گل اور خالد یوسف کے ساتھ عدالت پیش ہوئیں.
عدالت نے بشری بی بی کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی.
پراسیکوشن کی جانب سے عدالت کوئی پیش نہیں ہوا.
ڈیوٹی جج نے استفسار کیا کہ تفتیشی افسر عدالت پیش نہیں ہوا؟
فراڈ کے مقدمے میں بشریٰ بی بی کی 16 جنوری تک عبوری ضمانت میں توسیع کی گئی.
پی ٹی آئی کے سابق چیئرمین عمران خان کی بھی 6 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 16 جنوری تک توسیع کردی.
عدالت نے کیس کی سماعت 16 جنوری ملتوی کر دی.