بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے بنی گالہ منتقل، رہائش گاہ سب جیل قرار
Reading Time: < 1 minuteتوشہ خانہ کیس میں 14 سال قٰید کی سزا پانے والی بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے بنی گالہ منتقل کر دیا گیا ہے.
بدھ کی شام بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا گیا.
جیل اور اسلام آباد پولیس کے اہلکار بنی گالہ سب جیل پر تعینات کیے گئے جبکہ جیل کا عملہ بنی گالہ گھر کے اندر تعینات رہے گا.
اسلام آباد پولیس کے اہلکار بنی گالہ گھر کے باہر تعینات ہوں گے.
چیف کمشنر اسلام آباد نے بنی گالہ رہائش گاہ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
ماضی میں توشہ خانہ کیس کی تفصیلات سامنے آنے لگیں تو بشریٰ بیگم کا کردار بھی اس میں موجود تھا لیکن عمران خان اور تحریک انصاف کی جانب سے اس کا مسلسل انکار کیا جاتا رہا۔
بعد ازاں بشریٰ بیگم اور ذولفی بخاری کی آڈیو لیک میں ان الزامات کی جھلک دکھائی دی۔
ملک ریاض کی بیٹی اور فرح گوگی کی آڈیو لیک میں بھی بشریٰ بیگم اور ہیرے کی انگوٹھی کا ذکر موجود تھا۔ بشریٰ بیگم پر القادر ٹرسٹ کیس میں ملک ریاض سے فائدہ لینے کا بھی الزام ہے جس کے بدلے میں انھیں 190 ملین پاونڈز کی واپسی میں مبینہ سہولت کاری ہوئی۔
توشہ خانہ کیس جب عدالتوں میں شروع ہوا تو پردہ نشین بشریٰ بیگم اپنے مخصوص انداز میں عدالتوں میں پیش ہوتی رہیں۔ یہ بھی تاثر ملتا رہا کہ وہ بھی دیگر لوگوں کی طرح عمران خان کے خلاف جا سکتی ہیں لیکن انھوں نے اس تاثر کو غلط ثابت کیا اور عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں۔