اعلی عدلیہ کے ججز پر تنقید، ولاگر اسد طور اسلام آباد سےگرفتار
Reading Time: < 1 minuteولاگر اور یوٹیوبر اسد علی طور کو اسلام آباد میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے حراست میں لے لیا ہے۔
پیر کی رات اُن کی وکیل ایمان مزاری نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پوسٹ کیا کہ اسد طور ایف آئی اے کے نوٹس پر تفتیش میں تعاون کے لیے پیش ہوئے مگر بعد ازاں اُن کو گرفتار کر لیا گیا۔
اسد طور کو تین دن قبل بھی ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے سات گھنٹے تک تفتیش کے لیے دفتر میں بٹھائے رکھا تھا۔
اُن کے خلاف اعلیٰ عدلیہ کے ججز پر تنقید اور الزامات کی مہم چلانے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے تاہم اس کی تفصیل تاحال فراہم نہیں کی گئی۔
اسد طور نے گزشتہ روز اپنے ایک ولاگ میں کہا تھا کہ جب وہ پچھلے دور میں ججز پر تنقید کرتے تھے تو جسٹس قاضی فائز عیسی اس بات پر خوش ہوتے اور اُن کو سراہتے جبکہ حالیہ عرصے میں اُن کی تنقید کو برداشت نہیں کیا جا رہا۔