ننانوے سالہ کیس کی سالگرہ
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی سپریم کورٹ میں ننانوے سالہ کیس کی سالگرہ منائی گئی، عدالت عظمی کی پارکنگ میں مقدمے کے درخواست گزاروں نے کیک بھی کاٹا۔ فیاض حسین اور دیگر ستر افراد کے درمیان زمین کی وراثت کا انیس سو اٹھارہ سے چلنے والا مقدمہ فیصلہ مانگ رہاہے مگر چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے آج بھی کیس میں وکیل کے پیش نہ ہونے کی وجہ سے سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتو ی کردی۔
سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ کے سامنے خیرپورٹامیوالی ضلع بہاولپور کی پانچ ہزار چھ سو کنال زمین کی ملکیت کا مقدمہ سماعت کیلئے مقرر تھا مگر چیف جسٹس ثاقب نثار کے بنچ کو بتایا گیاکہ ایک درخواست گزار کا وکیل پیش نہیں ہوسکا اس لیے سماعت ملتوی کردی جائے۔ عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی۔ عدالت کے باہر درخواست گزاروں میں سے چند افراد نے اس پر ناخوشی کا اظہار کیا۔ بہاولپور سے اسلام آباد آنے والے درخواست گزاروں کاکہنا تھاکہ ان کے بزرگ شہاب الدین ولد شیر خان اس زمین کے مالک تھے اور ان کی بیوی ہماری پرنانی تھی، بزرگ انیس سو اٹھارہ میں فوت ہوئے۔متاثرہ افراد نے کہاکہ لواحقین کی فہرست مرتب نہ کیے جانے کی وجہ سے کیس باربار ملتوی کیا جا رہا ہے، سپریم کورٹ نے تین ماہ قبل بھی لواحقین کی فہرست مرتب کرکے منگوائی تھی مگر آج پھر وہی بات دہرائی گئی۔