موبائل انٹرنیٹ کی اوسط رفتار میں 28 فیصد اضافہ ہوا: پی ٹی اے
Reading Time: 2 minutesپاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال میں ملک میں انٹرنیٹ کی اوسط رفتار میں 28 فیصد اضافہ ہوا، جو 15.65 ایم بی پی ایس سے بڑھ کر 20.02 ایم بی پی ایس تک پہنچ گئی۔
پیر کو پی ٹی اے سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق اتھارٹی کے چیئرمین نے سالانہ رپورٹ برائے سال 2024 چیئرمین سینیٹ کو پیش کی جس کے مطابق براڈ بینڈ صارفین کی تعداد جون 2023 میں 12کروڑ 75 لاکھ سے بڑھ کر 14 کروڑ 23 لاکھ ہو گئی۔
یہ رپورٹ سال رواں کے دوران پی ٹی اے کی جانب سے کی گئی تکنیکی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ریگولیٹری اور صارف دوست اصلاحات کا جامع و مفصل جائزے پر مبنی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمٰن نے پی ٹی اے کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2024 چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کو پیش کی۔
چیئرمین پی ٹی اے نے تکنیکی ترقی، آن لائن تحفظ، صارفین کے حقوق کے تحفظ، اور منصفانہ مسابقت کے فروغ کے پیش نظر اتھارٹی کے عزم کو اجاگر کیا۔
انہوں نے معیاری اور کم لاگت ٹیلی کام سروسز کی فراہمی، ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کی بہتری، سرمایہ کاری کے فروغ، سائبر سیکیورٹی کے استحکام ، اور سروسز کی فراہمی میں مزید بہتر ی کے لیے پی ٹی اے کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
چیئرمین سینیٹ نے پی ٹی اے کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان میں ٹیلی کام کے شعبے کی ترقی کے پیش نظر اس کے بنیادی کردار کو تسلیم کیا۔ انہوں نے اس شعبے کی قومی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہمیت پر زور دیا۔
سالانہ رپورٹ کے مطابق، مالی سال 2023-24 کے دوران ٹیلی کام شعبے کو نو سو پچپن ارب روپے کی ریکارڈ آمدنی حاصل کی، جو مالی سال 2022-23 کے مقابلے میں اقتصادی چیلنجز کے باوجود 17 فیصد زائد ہے۔ مزید برآں موبائل فون سروسز 91 فیصد آبادی تک پہنچ چکی ہیں جبکہ 4G سروسز 81 فیصد آبادی کو دستیاب ہیں، علاوہ ازیں کل ٹیلی کام سبسکرائبرز کی تعداد ستمبر 2024 تک انیس کروڑ ساٹھ لاکھ تک پہنچ گئی۔
براڈ بینڈ صارفین کی تعداد جون 2023 میں بارہ کروڑ چھہتر لاکھ سے بڑھ کر چودہ کروڑ تئیس لاکھ ہو گئی، جبکہ موبائل انٹرنیٹ کی اوسط رفتار میں 28 فیصد اضافہ ہوا، جو 15.65 ایم بی پی ایس سے بڑھ کر 20.02 ایم بی پی ایس تک پہنچ گئی۔ ڈیٹا کے استعمال میں بھی 24.2 فیصد اضافہ ہوا، جو مالی سال 2023-24 میں 25,141 پیٹا بائٹس تک پہنچ گیا۔
براڈ بینڈ تک رسائی 53.6 فیصد سے بڑھ کر 58.4 فیصد ہو گئی۔ مالی سال 2023-24 کے دوران دو کروڑ چھیانوے لاکھ موبائل ڈیوائسز مقامی سطح پر تیار کی گئیں، جس سے ملک کی 94 فیصد مانگ پوری ہوتی ہے ۔ یہ ترقیاتی پیشرفت مختلف حکمت عملیوں اور ریگولیٹری اقدامات کی مرہون منت ہے، جن کا مقصد اس شعبے میں پائیدار ترقی اور جدت کے عمل کو یقینی بنانا تھا۔