سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کی بازیابی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر
چار دن سے لاپتہ سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ نگار خان نیازی کی بازیابی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا ہے۔
درخواست لاپتہ نگار خان کے بھائی فراز احمد خان نے آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر کی ہے۔
ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور چوہدری اویس یونس کے ذریعے حبس بے جا کی دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نگار خان نیازی کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
درخواست کے مطابق نگار خان کو دس جولائی کی رات نو بجے بحریہ ٹاؤن کے فیز 7 کے ٹیکسی سٹینڈ کے قریب سے نامعلوم افراد نے زبردستی اُٹھایا اور ساتھ لے گئے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاپتہ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے، اور اگر نگار خان نیازی کے خلاف کوئی مقدمہ کہیں درج ہے تو سامنے لایا جائے۔

