ہزارہ ریجن میں خواتین کی ادبی تنظیم "لیکوالی جینکۍ بفہ”کا قیام
خیبر پختونخوا کے ریجن ہزارہ میں پہلی بار خواتین کی ادبی تنظیم "لیکوالی جینکۍ بفہ ہزارہ”کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
تنظیم کے سرپرست تمغہ امتیاز ڈاکٹر اسماعیل گوہر جبکہ تنظیم کی صدر گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مانسہرہ میں بی ایس پشتو کی طالبہ اور دو کتابوں کی مصنفہ رمشا خان سواتی ہیں۔
اس سلسلے میں ہائر سیکنڈری سکول بفہ کے ہال میں ایک تقریب پروفیسر ڈاکٹر یار محمد مغموم کی صدارت میں ہوئی۔
تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر خنیفہ داؤد، پرنسپل ڈاکٹر عطا اللہ خان اور محمد اقبال کے علاوہ مسز عابدہ نے برطانیہ سے خصوصی طور پر شرکت کی۔
تقریب میں رمشا سواتی کی کتاب حسین فرنگ کی رونمائی بھی کی گئی۔
بعد ازاں خواتین دستکاروں کی اشیاء نمائش کے لیے رکھی گئیں۔
اس موقع پر خواتین لیکوال تنظیم کے سرپرست اسمعیل گوہر نے کہا کہ اس نمائش میں وہ ساری کشیدہ کاری والی اشیا رکھی گئی ہیں جو ماضی میں اس علاقے کی خواتین کا ہنر رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے اور اس میں اضافے کے لیے کوشش کی جائے گی۔
تنظیم کی صدر رمشا خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ اس تنظیم بنانے کی طرف ہمارا پہلا قدم ہے اور ہم نے اپنی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے ہاتھ سے بنائی گئی اشیا جیسے کہ کشیدہ کاری وغیرہ نمائش کے لیے رکھی ہیں۔

