بابوسر سیلابی نالے میں خاتون اینکر شوہر اور تین بچوں سمیت لاپتہ
خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے درمیان بابوسر کے قریب تھک نالے میں لاپتہ ہونے والے سیاحوں میں لیاقت نامی شہری، اُن کی اہلیہ شبانہ اور ان کے 3 بچے بھی شامل ہیں۔
گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ نے تصدیق کی ہے کہ خاتون نجی ٹی وی کی اینکر پرسن ہیں۔ اور چینل انتظامیہ نے لاپتہ ہونے کا کہہ کر رابطہ کیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ شاہراہ بابو سر پر نجی ٹی وی چینل کی اینکر پرسن کا پرس مل گیا، پرس تھک بابوسر کے مقامی رضا کار کو ملا ہے۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق اب تک ریسکیو اپریشن سے سات ڈیڈی باڈیز نکالی گئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ دیامر کے مطابق 7 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔
گزشتہ ہفتے اس علاقے میں سیلاب سے لودھراں کے ایک خاندان کے تین افراد بھی موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔
بتایا گیا ہے کہ خاتون اینکر پشتو زبان کے چینل خیبر سے وابستہ تھیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج ملک کے بیشر علاقوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہنے کا امکان ہے تاہم بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔
پیر کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار اور جنوبی مشرقی سندھ میں تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے۔
پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد میں آج موسم گرم اور مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا جبکہ شہر کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہنے کی توقع ہے، جبکہ پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں بھی آج موسم گرم رہے گا۔

