واپس غاروں میں دھکیل دیں گے، پاکستان کی طالبان حکومت کو دھمکی
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے افغانستان کی طالبان حکومت کو دھمکی دی ہے کہ وہ اُن کو واپس غاروں کو دھکیل دیں گے۔
بدھ کو ایکس پر پوسٹ کیے بیان میں پاکستانی وزیر دفاع نے لکھا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کو طالبان کی حکومت کو مکمل طور پر ختم کرنے اور انہیں چھپنے کے لیے غاروں میں دھکیلنے کے لیے اپنے ہتھیاروں کا ایک معمولی سے بھی کم حصہ استعمال کرنے کی ضرورت ہوگی۔ اگر وہ چاہیں تو تورا بورا میں ان کی ٹانگوں کے درمیان دم رکھ کر بھاگنے، اور شکست کے مناظر کو دہرانا یقیناً علاقے کے لوگوں کے لیے ایک دلچسپ منظر ہوگا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ’پاکستان اپنی سرزمین پر کسی بھی دہشت گردی کی کارروائی یا خودکش حملے کو برداشت نہیں کرے گا اور کسی بھی مہم جوئی کا جواب سخت اور کڑوا ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے برادر اسلامی ممالک کی درخواست پر امن قائم کرنے کے لیے مذاکرات کی پیشکش قبول کی۔
’تاہم افغان حکام کے زہریلے بیانات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ طالبان حکومت میں انتشار اور دھوکہ دہی بتدریج موجود ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان واضح کرتا ہے کہ اسے طالبان رجیم کو ختم کرنے یا انہیں غاروں میں چھپنے پر مجبور کرنے کے لیے اپنی پوری طاقت استعمال کرنے کی ہرگز ضرورت نہیں۔
’البتہ طالبان رجیم کی اگر خواہش ہو تو تورا بورا میں ماضی کی شکست کے مناظر، جہاں وہ دُم دبا کر بھاگے تھے، دوبارہ دیکھنا یقیناً اقوام عالم کے لیے ایک نیا دلچسپ منظر ہوگا۔‘
خواجہ آصف نے کہا کہ افسوس ہوتا ہے کہ طالبان حکومت صرف اپنی قابض حکمرانی برقرار رکھنے اور جنگی معیشت کو بچانے کے لیے افغانستان کو ایک اور تنازعے میں دھکیل رہی ہے۔

