سڈنی بونڈائی بیچ کے حملہ آور باپ بیٹا، باپ سٹودنٹ ویزے پر آیا: آسٹریلوی حکومت
آسٹریلوی وزیر داخلہ ٹونی برک تصدیق کی ہے کہ حملہ آور باپ سٹوڈنٹ ویزے پر آسٹریلیا آیا تھا، بیٹا یہیں پیدا ہوا۔
وزیر داخلہ ٹونی برک نے بتایا کہ سڈنی کی بونڈائی بیچ کے حملہ آور نوید اکرم اکتوبر 2019 میں ’آسٹریلین سکیورٹی انٹیلیجنس کی نظر میں آئے تھے۔
ٹونی برک نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ساجد اکرم 1998 میں سٹوڈنٹ ویزا پر آسٹریلیا آئے تھے، جسے 2001 میں پارٹنر ویزا پر منتقل کیا گیا تھا، اور وہ تب سے ریذیڈنٹ ریٹرن ویزا پر ہیں۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ ’ساجد اکرم کا بیٹا نوید اکرم ایک آسٹریلوی شہری ہے جو یہاں 2001 میں پیدا ہوا۔‘
سڈنی کے بونڈائی بیچ پر حملہ کرنے والے کون تھے؟
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور باپ بیٹا تھا۔ جن میں سے 50 سالہ باپ اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
دوسرا اس کا 24 سالہ بیٹا تھا جو پولیس کی نگرانی میں ہسپتال میں تشویشناک حالت میں زیرِعلاج ہے۔
آسٹریلوی میڈیا نے باپ کا نام ساجد اکرم اور ان کے بیٹے کا نام نوید اکرم بتایا ہے۔
ایک بیان میں پولیس نے کہا کہ اس جوڑے نے ’لوگوں کے ہجوم پر فائرنگ کرنے کے لیے بڑے ہتھیاروں کا استعمال کیا۔‘
ساجد اکرم کے پاس چھ بندوقوں کے لائسنس تھے۔ پولیس کا خیال ہے کہ فائرنگ میں تمام چھ ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس حملے میں ان دونوں کے علاوہ کوئی ملوث نہیں، اور مزید حملہ آوروں یا ملوث افراد کی تلاش ختم کر دی گئی ہے۔

