لیبیا کے فوجی سربراہ ترکیہ میں فضائی حادثے میں ہلاک، وزیراعظم کی تصدیق
لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ نے ترکیہ طیارہ حادثے میں لیبیا کے فوجی سربراہ محمد علی احمد الحداد اور چار دیگر افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ یہ افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب لیبیائی وفد انقرہ کے سرکاری دورے سے واپس آ رہا تھا۔ انہوں نے اس واقعے کو لیبیا کے لیے ’بڑا نقصان‘ قرار دیا۔
لیبیا کے حکام نے بتایا کہ اُڑان بھرنے کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد فنی خرابی کے باعث طیارے سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا تھا۔
محمد علی احمد الحداد مغربی لیبیا میں اعلیٰ ترین فوجی کمانڈر تھے۔
انہوں نے اقوامِ متحدہ کی ثالثی میں جاری ان کوششوں میں اہم کردار ادا کیا جن کا مقصد لیبیا کی منقسم فوج کو متحد کرنا ہے۔
ترکیہ کے وزیرِ داخلہ علی یرلی کایا نے بتایا کہ منگل کے روز محمد علی احمد الحداد اور چار دیگر افراد کو لے جانے والا فالکن 50 طرز کا بزنس طیارہ انقرہ کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے بعد اس کا ملبہ مل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فالکن50 طرز کے بزنس طیارے سے مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بج کر 52 منٹ پر رابطہ منقطع ہوا۔ یہ طیارہ انقرہ کے ایسن بوغا ہوائی اڈے سے طرابلس کے لیے روانہ ہوا تھا۔

