نئے سال پر سوئٹزرلینڈ کے تفریحی مقام پر آگ کے باعث دھماکہ، 40 ہلاک
سوئٹزرلینڈ کے کرانس-مونٹانا کے ایک بڑے سکی ریزارٹ میں نئے سال کی شام کی ایک پارٹی کے دوران ایک پرہجوم بار میں دھماکے سے تقریباً 40 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔
سوئس حکام نے جمعرات کو بتایا کہ جنوب مغربی سوئٹزرلینڈ میں واقع ریزورٹ میں ’لی کانسٹیلیشن‘ نامی بار میں مقامی وقت کے مطابق رات 1.30 بجے آگ بھڑک اٹھی۔
دھماکے کی وجہ تاحال واضح نہیں تاہم حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایک حادثہ معلوم ہوتا ہے۔
پراسیکیوٹر بیٹریس پیلوڈ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’اس وقت ہم اس کو آگ کے باعث سمجھ رہے ہیں اور ہم حملے کے امکان پر غور نہیں کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ حکام نے مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
والیس کینٹن کے سکیورٹی کے سربراہ سٹیفن گانزر نے کہا کہ متاثرین میں سے کچھ دوسرے ممالک سے ہیں۔ کینٹن کے پولیس سربراہ فریڈرک گیسلر نے کہا کہ متاثرین کے رشتہ داروں کے لیے ایک ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔
گیسلر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ’میں آپ سے یہ نہیں چھپا سکتا کہ کرینز میں راتوں رات جو کچھ ہوا اس سے ہم سب ہل گئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہماری پاس تقریباً 100 زخمیوں کی تعداد ہے جن میں سب کچھ کی حالت زیادہ تشویشناک ہے، اور بدقسمتی سے دسیوں افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں کو سیون، لوزان، جنیوا اور زیورخ کے ہسپتالوں میں بھیج دیا گیا ہے۔

