عالمی خبریں

غزہ بورڈ آف پیس، اسرائیلی وزیراعظم بھی شمولیت پر رضامند

جنوری 21, 2026

غزہ بورڈ آف پیس، اسرائیلی وزیراعظم بھی شمولیت پر رضامند

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قائم کردہ امن بورڈ میں شمولیت پر رضامند ہیں۔

خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس سے قبل بنیامین نیتن یاہو کے دفتر نے بورڈ کی انتظامی کمیٹی کی تشکیل پر تنقید کی تھی۔

نیتن یاہو کے دفتر نے اس سے قبل کہا تھا کہ انتظامی کمیٹی اسرائیلی حکومت سے مشاورت کے بغیر بنائی گئی اور یہ اسرائیل کی پالیسی کے خلاف ہے۔

اس انتظامی کمیٹی میں ترکیہ بھی شامل ہے جو خطے میں اسرائیل کا ایک اہم حریف سمجھا جاتا ہے۔

اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے وزیرِ خزانہ بیزالیل سموترچ نے بھی اس بورڈ پر تنقید کی اور مطالبہ کیا کہ غزہ کے مستقبل کی ذمہ داری اسرائیل کو اکیلے ہی سنبھالنی چاہیے۔

اس بورڈ میں شامل ہونے والے دیگر ممالک میں متحدہ عرب امارات، مراکش، ویتنام، بیلاروس، ہنگری، قازقستان اور ارجنٹینا شامل ہیں۔

دیگر فریقین جن میں برطانیہ، روس اور یورپی یونین کا انتظامی ادارہ شامل ہے، کا کہنا ہے کہ انہیں دعوت نامے موصول ہو چکے ہیں لیکن انہوں نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صدر ٹرمپ سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں منعقدہ عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔
توقع کی جا رہی ہے کہ امریکی صدر اس موقع پر مذکورہ بورڈ کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم کریں گے۔

ابھی تک بہت سے سوالات کے جواب باقی ہیں۔ یہ بھی واضح نہیں ہے کہ مزید کتنے یا کون سے رہنماؤں کو اس بورڈ میں شامل ہونے کی دعوت دی جائے گی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے