اسرائیل کے غزہ پر فضائی حملے، خواتین اور بچوں سمیت 30 ہلاک
اسرائیل نے سنیچر کو غزہ میں گذشتہ کئی ہفتوں کے دوران شدید فضائی بمباری کی، جس کے نتیجے میں مقامی محکمہ صحت کے مطابق کم از کم 30 افراد ہلاک ہو گئے۔
یہ حملے حماس کے زیرِانتظام ایک پولیس سٹیشن، رہائشی اپارٹمنٹس اور بے گھر فلسطینیوں کے لیے قائم خیمہ بستیوں پر کیے گئے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اگرچہ اسرائیل اور فلسطینی عسکریت پسند گروہ حماس کے درمیان جنگ بندی طے پا چکی تھی، اس کے باوجود اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے مغرب میں واقع شیخ رضوان پولیس سٹیشن کو نشانہ بنایا۔
طبی عملے اور پولیس کے مطابق اس حملے میں 14 پولیس اہلکار اور زیرِحراست افراد مارے گئے۔

