ایپسٹین فائلز میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی کا نام کیسے آیا؟
ایپسٹین فائلز میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی کا نام بھی سامنے آیا ہے۔ امریکہ کے سیریل ریپسٹ، بچوں سے جنسی زیادتی کرنے والے، اور انسانی سمگلر جیفری ایپسٹین نے 9 جولائی 2017 کو ایک ای میل میں لکھا کہ "انڈین وزیراعظم مودی نے مشورہ لیا اور امریکی صدر کو خوش کرنے کے لیے اسرائیل میں رقص کیا اور گانا گایا۔ چند ہفتے قبل دونوں کی ملاقات ہوئی تھی۔ یہ چیز پھر اُن کے کام آئی۔”
انڈین کانگریس کی جانب اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر ایپسٹین فائلز کی وہ ای میل شیئر کی گئی ہے جس میں اُنہوں نے مودی کے بارے میں لکھا ہے۔
کانگریس کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر ایک کروڑ 20 لاکھ فالوورز ہیں۔
ایپسٹین کا واضح طور پر کہنا تھا کہ مودی نے ان سے مشورہ لیا اور اسرائیل گئے جہاں انہوں نے امریکی صدر کو خوش کرنے کے لیے رقص کیا اور گیت گایا۔
اس نے یہ بھی کہا کہ مودی کے اس حربے نے کام کیا۔
کانگریس کے مطابق نریندر مودی 4 سے 6 جولائی 2017 تک اسرائیل کے دورے پر تھے۔
جیفری ایپسٹین نے صرف تین دن بعد یہ ای میل لکھی۔
کانگریس کے بیان کے مطابق اب یہ واضح ہے کہ وزیراعظم مودی کا جیفری ایپسٹین کے ساتھ بہت گہرا اور دیرینہ تعلق تھا جو انڈین کے لیے شرمناک ہے۔ یہ قومی وقار اور بین الاقوامی ساکھ کا معاملہ ہے، جس کے لیے وزیراعظم مودی کو جواب دینا چاہیے۔
کانگریس نے پوچھا ہے کہ نریندر مودی جیفری ایپسٹین سے کس قسم کا مشورہ لے رہے تھے؟ مودی اسرائیل میں ناچ گانا کیوں کر رہے تھے؟
ٹرمپ کو اس سے کیا فائدہ ہوا؟ ایپسٹین نے لکھا کہ "اس حربے نے کام کیا!” تو اس کا کیا مطلب ہے؟
کانگریس نے نریندر مودی کو مخاطب کر کے کہا کہ وزیراعظم! قوم جاننا چاہتی ہے کہ آپ کا جیفری ایپسٹین سے کیا تعلق تھا؟

