متفرق خبریں

اہلخانہ کو عمران خان کی طبی رپورٹ موصول، علاج کی تفصیل بھی شامل

فروری 6, 2026

اہلخانہ کو عمران خان کی طبی رپورٹ موصول، علاج کی تفصیل بھی شامل

پاکستان کے وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی تفصیلی میڈیکل رپورٹ اُن کے خاندان کو فراہم کر دی گئی ہے۔

جمعے کو ایک بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پمز ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے تفصیلی میڈیکل رپورٹ اڈیالہ جیل کے حکام کو بھجوائی جہاں سے یہ عمران خان کے اہلخانہ کو فراہم کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم کی دائیں آنکھ کا کامیاب علاج کیا گیا اور پمز انتظامیہ کے مطابق عمران خان کی مجموعی صحت تسلی بخش ہے۔

‏طبی رپورٹ کے مطابق عمران خان کی دائیں آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی تشخیص کی گئی،
اور پمز اسلام آباد کے طبی ماہرین کی جانب سے عمران خان کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔

رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ طبی معائنے کے بعد عمران خان کی دائیں آنکھ میں سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تشخیص کی گئی۔ اور اُن کو علاج کے لیے رات گئے پمز ہسپتال منتقل کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق پمز میں عمران خان کو اینٹی وی جی ای ایف انٹرا ویٹریل انجیکشن لگایا گیا،
‏علاج معیاری پروٹوکول کے تحت آپریشن تھیٹر میں انجام دیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طبی عمل تقریباً 20 منٹ میں کامیابی سے مکمل کیا گیا اور مریض کی حالت مستحکم رہی ہے۔

‏طبی رپورٹ کے مطابق عمران خان کو علاج کے بعد فالو اپ ہدایات کے ساتھ ڈسچارج کر دیا گیا۔

‏بتایا جا رہا ہے کہ پمز کے ڈاکٹروں کی طبی رپورٹ اڈیالہ جیل کے حکام کی جانب سے عمران خان کے اہلخانہ کو موصول ہو چکی ہے.

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے