عالمی خبریں

پاکستان اور انڈیا کی جنگ میں 11 طیارے مار گرائے گئے، صدر ٹرمپ

فروری 19, 2026

پاکستان اور انڈیا کی جنگ میں 11 طیارے مار گرائے گئے، صدر ٹرمپ

غزہ امن بورڈ کے پہلے اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور انڈیا کی جنگ سمیت آٹھ جنگیں رکوانے کا ذکر کیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ دونوں ملک نہیں لڑ رہے تھے لیکن یہ واقعی لڑ رہے تھے۔ 11 جنگی جہاز گرائے گئے۔ بہت مہنگے جہاز۔۔۔۔‘

امریکی صدر نے گزشتہ برس دونوں ملکوں کی جنگ میں لڑاکا طیارے مار گرائے جانے کا ذکر پانچ جہازوں سے شروع کیا تھا۔

وہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران انڈیا پاکستان کی جنگ رُکوانے کا ذکر کرتے ہوئے ہر بار ایک طیارے کا اضافہ کرتے دکھائی اور سنائی دیتے ہیں۔

گزشتہ سال انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اس جنگ کے دوران ’پانچ لڑاکا طیارے مار گرائے گئے۔‘

ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا تھا یہ طیارے کس ملک کے تھے اور کس ملک نے گِرائے۔

واضح رہے کہ مئی میں ہونے والی چار روزہ لڑائی میں پاکستان نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اس دوران پانچ انڈین طیارے مار گرائے۔ اسی طرح انڈیا کی جانب سے پاکستانی طیارے مار گرائے جانے سے متعلق بھی متعدد دعوے کیے گئے تاہم ان دعووں کی آزادنہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

مئی میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان لڑائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اس دوران انھوں نے انڈیا اور پاکستان کے وزرائے اعظم کو کال کی۔

’میں نے کہا کہ اگر آپ دونوں نے لڑائی جاری رکھی تو میں آپ دونوں پر 200 فیصد ٹیرف عائد کر دوں گا۔ ان دونوں میں سے ایک (میں نہیں بتاؤں گا کہ کون) نے کہا کہ نہیں۔۔۔ یہ نہیں ہو سکتا۔‘

امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان اور انڈیا ’دونوں لڑنا چاہتے تھے لیکن جب بہت زیادہ پیسے کھونے کی بات آئی تو انھوں نے کہا کہ ہم نہیں لڑنا چاہتے۔‘

صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ’یہ دونوں بہت طاقتور ملک ہیں، دونوں کے پاس ایٹمی طاقت ہے، اگر ایسا نہ ہوتا تو بہت بری چیزیں ہوتی جن کے بارے میں بات نہیں کروں گا۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے