فی بیرل تیل 200 ڈالر تک پہنچنے کے لیے تیار ہو جائیں: ایران
بین الاقوامی توانائی ایجنسی نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث ہونے والی تیل کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ایجنسے نے اپنے ’سٹریٹجک ذخائر‘ سے 40 کروڑ بیرل تیل جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ادھر ایران نے دھمکی دی ہے کہ تیل کی فی بیرل قیمت 200 ڈالر تک پہنچنے کے لیے تیار ہو جائیں۔
ایران کی مشترکہ فوجی کمان خاتم الانبیا کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران نے جوابی حملوں کی پالیسی ختم کر دی ہے۔
خاتم الانبیا کمان کے ترجمان ابراہیم ذولفقاری کا کہنا ہے کہ تہران کی پالیسی اب ’پے در پے حملے‘ کی ہوگی۔
ذولفقاری نے مزید کہا کہ تہران ایک لیٹر تیل کو بھی آبنائے ہرمز سے گزر کر امریکہ، اسرائیل اور ان کے شراکت داروں تک پہنچنے نہیں دے گا۔
’ان کی جانب جانے والا کوئی بھی جہاز یا ٹینکر ایک جائز ہدف تصور ہوگا۔‘
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ’تیل کی فی بیرل قیمت 200 ڈالر تک پہنچنے کے لیے تیار ہو جائیں کیونکہ تیل کی قیمت کا انحصار علاقائی سلامتی پر منحصر ہے جسے آپ نے غیر مستحکم کیا ہے۔‘

