ہمارے مقابلے میں برطانوی جنگی طیارے کھلونوں جیسے ہیں: صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر برطانیہ کے وزیرِاعظم کیئر سٹارمر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’برطانیہ نے تین ہفتے پہلے طیارے بھیجنے کی پیشکش کی تھی یہ وہ وقت تھا کہ جب جنگ پہلے ہی ختم ہو چکی تھی۔‘
انھوں نے کہا کہ ’میں نے انھیں کہا کہ اوہ یہ بہت اچھا ہے، آپ کا بہت شکریہ۔ زحمت نہ کریں، ہمیں اب اس کی ضرورت نہیں۔‘
اس کے بعد ٹرمپ کہتے ہیں کہ برطانیہ کے طیارے ’اتنے بہترین نہیں ہیں۔۔۔ وہ ہمارے مقابلے میں کھلونوں جیسے ہیں۔‘
آبنائے ہرمز کے حوالے سے صدر کا کہنا تھا کہ ’اگر امریکہ اور ایران ’درست معاہدہ‘ کر لیتے ہیں تو یہ اہم بحری تجارتی گزرگاہ دوبارہ کھول دی جائے گی۔‘
امریکی صدر نے کہا کہ 28 فروری کو جنگ کے آغآز کے بعد سے امریکہ نے ایران کی فوجی صلاحیتوں کو اس حد تک نشانہ بنایا ہے جو پہلے بہت کم لوگوں نے دیکھا ہو گا۔
صدر ٹرمپ کا واشنگٹن میں ایران کے حوالے سے کابینہ کے اجلاس میں کہنا ہے کہ امریکہ نے ایران کی بحریہ اور فضائیہ کو ’مکمل طور پر‘ ختم کر دیا ہے اور ایران کے ’90 فیصد کے قریب‘ میزائل لانچرز اور ’شاید 90 فیصد سے زیادہ‘ میزائل بھی تباہ کر دیے ہیں۔
ٹرمپ کا مزید کہنا ہے کہ ایران معاہدہ کرنے کی بھیک مانگ رہا ہے۔
’وہ بہت اچھے مذاکرات کار ہیں۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ کہتے ہیں کہ وہ ’بیکار جنگجو، لیکن زبردست مذاکرات کار۔‘

