سینیئر انڈین سیاست دان نریندر مودی کو نشان پاکستان ایوارڈ دینے کا مطالبہ کیوں کر رہے ہیں؟
انڈیا کے سینیئر سیاستدان اور سابق مرکزی وزیر مانی شنکر آئر نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ انڈین وزیراعظم نریندر مودی کو اپنا اعلیٰ ترین سول اعزاز، نشانِ پاکستان عطا کرے۔
اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے مانی شنکر آئر کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کے شروع کیے گئے آپریشن سندور نے پاکستان پر دیرپا اثرات ڈالے ہیں۔ اس آپریشن نے پاکستان کو اچھوت ریاست سے نکال کر ابھرتے ہوئے عالمی نظام کا مرکزی کردار بنا دیا ہے۔
’پاکستان کو وزیرِ اعظم مودی کو اس تبدیلی کے قابل بنانے پر اعزاز دینا چاہیے، جس نے پاکستان کو پستی سے اٹھا کر عالمی اہمیت کی ایک ایسی حیثیت دی، جو کبھی آپریشن سندور سے پہلے انڈیا کے پاس تھی۔‘
’ہم (بھارت) کبھی دنیا میں امن قائم کرنے والے تھے۔ مگر اب ستم ظریفی یہ ہے کہ دنیا، ہاں، بھارت کے سوا، امن و استحکام کی بحالی کے لیے پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، اور اسلام آباد اکیسویں صدی کا ورسائی بننے جا رہا ہے۔‘
مانی شنکر آئر نے کہا کہ کسی نے بھی پاکستان کی اتنی مدد نہیں کی جتنی مودی کی خارجہ پالیسی نے کی ہے۔
خیال رہے مانی شنکر آئر انڈیا کے معروف کیریئر ڈپلومیٹ اور سینیئر سیاست دان ہیں جو کانگریس پارٹی کے دور حکومت میں مرکزی وزیر رہے ہیں۔

