متفرق خبریں

جاپانیوں کی زندگی سے ’رومانس‘ غائب؟ عالمی سروے کے حیران کن نتائج

اپریل 2, 2026

جاپانیوں کی زندگی سے ’رومانس‘ غائب؟ عالمی سروے کے حیران کن نتائج

جاپان میں رومانوی اور ازدواجی زندگی سے متعلق ایک حالیہ عالمی سروے نے حیران کن انکشافات کیے ہیں جس کے مطابق جاپان مسلسل چوتھے سال بھی محبت اور رومانوی اطمینان کے حوالے سے دنیا بھر میں آخری نمبر پر رہا ہے۔

پیرس میں قائم معروف سروے کمپنی ’ایپسوس‘ نے دنیا کے 29 ممالک میں 23 ہزار سے زائد افراد پر مشتمل ایک سروے کیا جس کا مقصد انسانی تعلقات اور رومانوی جذبات کے بارے میں عوامی رائے جاننا تھا۔

اس تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ جاپانی عوام میں ’محبت کے احساس‘ کی شرح عالمی اوسط کے مقابلے میں انتہائی کم ہے، جہاں صرف اکیاون فیصد جاپانیوں نے اس حوالے سے کسی حد تک اطمینان کا اظہار کیا جبکہ عالمی سطح پر یہ اوسط ستتر فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کی تفصیلات بتاتی ہیں کہ جاپان میں اپنی رومانوی یا جنسی زندگی سے مطمئن افراد کی تعداد گزشتہ برسوں کے مقابلے میں مزید گر کر صرف 33 فیصد رہ گئی ہے جو کہ ساٹھ فیصد کی عالمی اوسط کے مقابلے میں تقریباً آدھی ہے۔

اس سے بھی زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ جاپان وہ واحد ملک ہے جہاں اپنی رومانوی زندگی سے ’انتہائی مطمئن‘ ہونے والے افراد کی شرح 10 فیصد سے بھی کم یعنی محض چھ فیصد رہی۔

دسمبر 2025 سے جنوری 2026 کے درمیان سولہ سے چوہتر سال کی عمر کے افراد کے درمیان کیے گئے اس سروے کے اعداد و شمار واضح کرتے ہیں کہ جاپان گزشتہ چار برسوں سے مسلسل رومانوی اطمینان کی عالمی درجہ بندی میں سب سے نچلی سطح پر برقرار ہے جو وہاں کے سماجی ڈھانچے اور ذاتی تعلقات میں بڑھتی ہوئی دوریوں کی نشاندہی کرتا ہے-

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے