عالمی خبریں

ایران کی سب سے بڑی پیٹروکیمیکل تنصیب پر اسرائیل کا حملہ

اپریل 6, 2026

ایران کی سب سے بڑی پیٹروکیمیکل تنصیب پر اسرائیل کا حملہ

اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ایران کی ایک بڑی پیٹروکیمیکل تنصیب کو نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فوج کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایران کے انفراسٹرکچر پر ’پوری قوت کے ساتھ‘ حملے جاری رکھے۔

پیر کو ایک بیان میں وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اسرائیلی افواج نے اسالیہ میں واقع ایران کی سب سے بڑی پیٹروکیمیکل تنصیب پر بڑا حملہ کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتے ایک اور تنصیب پر بھی حملہ کیا گیا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اب یہ دونوں تنصیبات، جو مل کر ایران کی تقریباً 85 فیصد پیٹروکیمیکل برآمدات کی ذمہ دار تھیں، غیرفعال ہو چکی ہیں اور کام نہیں کر رہیں۔‘

اسرائیل کاٹز نے بتایا کہ اسالیہ میں واقع یہ تنصیب ملک کی تقریباً آدھی پیٹروکیمیکل پیداوار کرتی تھی۔

نیم سرکاری ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم نے بھی رپورٹ کیا ہے کہ دو پیٹروکیمیکل کمپنیوں پر حملہ کیا گیا ہے۔

تسنیم نے بوشہر کے ایک نائب گورنر کے حوالے سے بتایا ہے کہ تنصیبات پر حملے کے بعد نقصان کا مکمل اندازہ لگانے کا عمل ابھی جاری ہے۔
خبر کے مطابق کئی پیٹروکیمیکل کے پیداواری یونٹس کو نقصان پہنچا ہے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

پیر کو مارکیٹ کھلنے پر تیل کی قیمتیں

تیل کی قیمتیں آج صبح کے 110 ڈالر فی بیرل کی سطح سے نیچے آ گئی ہیں۔ یہ اضافہ اس وقت ہوا تھا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی کہ اگر ایران آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمدورفت کی اجازت نہیں دیتا تو امریکہ ایران کے اہم انفراسٹرکچر کو تباہ کر دے گا۔

اتوار کو ایک سخت پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ بجلی گھروں اور پلوں پر حملہ کرے گا اگر یہ اہم آبی راستہ منگل کی رات 8 بجے تک نہ کھولا گیا۔

پیر کی صبح برینٹ کروڈ کی قیمت 110 ڈالر (83.38 پاؤنڈ) فی بیرل سے اوپر چلی گئی، لیکن پھر یہ اضافہ کم ہو گیا جب امریکہ۔ایران ممکنہ جنگ بندی سے متعلق بات چیت کی خبریں سامنے آئیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے